بنگلورو 18/دسمبر (ایس او نیوز)مہا لکشمی لے آؤٹ میں عوام کی نظروں کے سامنے دن دہاڑے ایک 26سالہ خاتون ایڈوکیٹ کو دو افراد نے چاقوگھونپ کر ہلاک کرڈالا۔
کنکا پورہ کی رہنے والی مقتولہ ایڈوکیٹ جیوتی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ مہالکشمی لے آؤٹ میں ایک سینئر ایڈوکیٹ کے دفتر میں کام کررہی تھی۔اورفی الحال ESIاسپتال کے پاس پیئنگ گیسٹ کے طور پرمقیم تھی۔عینی شاہدین کے مطابق جب وہ صبح کے وقت بس سے اتر کر اپنے دفتر کی جارہی تھی تو دو لوگ اس کے ساتھ ساتھ آگے بڑھے۔انہوں نے اس کے ساتھ کچھ گرما گرم بات چیت کی اور پھر اچانک چاقو سے اس پر متعدد بار حملہ کیا اور اس کا گلا کاٹنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے۔جیوتی کو وہاں پر موجود کچھ لوگوں نے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ دوسری طرف کچھ لوگوں نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا اور شیوا رامو نامی ایک حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اس قتل کی اصل وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔گرفتار شدہ حملہ آور کے علاوہ جیوتی کے دوست اور رشتہ داروں سے پولیس تفتیش کررہی ہے۔